Deobandi Books

یاد دلبراں ۔ غیر موافق للمطبوع - یونیکوڈ

72 - 142
	دارالعلوم دیوبند کے فاضل، محقق وفاضل اجل حضرت مولانا عبدالحئی جام پوریؒ مورخہ ۴؍جون۲۰۰۷ء کو صبح کے وقت انتقال فرماگئے۔ ایک چراغ اور بجھا اور بڑھی تاریکی۔ انا لللّٰہ وانا الیہ راجعون!
	حضرت مولانا عبدالحئی جام پوریؒ نے دورہ حدیث دارالعلوم دیوبند سے کیا۔ اس زمانہ میں سپیشلائزیشن کے لئے حضرات فضلاء دارالعلوم اپنے اپنے ذوق کے مطابق، خانقاہوں، مناظرین، اطباء کے ہاں رجوع کرتے تھے۔ مولانا عبدالحئی صاحب نے لکھنؤ دارالمبلغین میں داخلہ لیا اور امام اہل سنت مولانا عبدالشکور لکھنوی کے ہاں فن مناظرہ میں یدطولیٰ حاصل کیا۔
	اس دور میں سردار احمد خان پتافیؒ نے تنظیم اہل پاکستان کی بنیاد رکھی تھی۔ سردار صاحب مرحوم اسی علاقہ کے نامی گرامی مذہبی زمیندار تھے۔ مولانا عبدالحئی صاحبؒ نے ان کی سرپرستی میں جام پور مسجد مہاجرین، وجامعہ محمدیہ سے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ جب کہ تنظیم اہل سنت کے پلیٹ فارم سے تبلیغی کاوشوں کو جلاء ملنے لگی۔
	آپ عرصہ تک تنظیم اہل سنت پاکستان کے دارالمبلغین ملتان، جامعہ قاسمیہ فیصل آباد، مدرسہ سلطان العلوم مدنیہ کوٹلہ رحم علی شاہ ضلع مظفر گڑھ اور دیگر مدارس کے ریفریشر کورسوں میں لیکچرار کے فرائض سرانجام دیتے رہے۔
	مجلس تحفظ ختم نبوت کے علاقائی کے پروگراموں اور بالخصوص چناب نگر کی سالانہ ختم نبوت کانفرنس میں شرکت کا عرصہ تک معمول رہا۔ حضرت مولانا صوفی اﷲ وسایا صاحبؒ مجاہد ختم نبوت اپنی صحت کے زمانہ میں بس، ویگن پر بھرپور وفد ڈیرہ غازیخان سے چناب نگر کانفرنس پر لایا کرتے تھے۔ بدھ شام روانہ ہوتے۔ جمعرات فجر سے قبل پہنچ جاتے اور فجر کادرس مولانا عبدالحئی جام پوریؒ سے دلا کر ختم نبوت کانفرنس کا آغاز کرتے۔
	مولانا عبدالحئی ملک بھر کی اہم مسلکی میٹنگوں میں شریک ہوتے اور بڑی جچی تلی مختصر رائے دیتے جو وقیع سمجھی جاتی۔ بہت ہی فاضل معلوماتی اور ثقہ عالم دین تھے۔ دینی علوم بالخصوص فتن کے حوالہ سے تاریخ پر گہری نظر اور دسترس تھی۔ فقہ میں تو رسوخ حاصل تھا۔ بعض ان کے فتویٰ جات یادگار اور ٹھوس بنیادوں پر بطور سند کے پیش کئے جانے کے لائق ہیں۔ حضرت مولانا سید نورالحسن بخاریؒ کے آخری زمانہ حیات میں تنظیم اہل سنت سے حضرت مولانا عبدالشکور دین پوریؒ، حضرت مولانا سید عبدالمجید ندیم شاہ صاحب مدظلہ نے علیحدہ مجلس تحفظ حقوق اہل سنت پاکستان کی داغ بیل ڈالی۔ پھر مولانا عبدالشکور دین پوریؒ مجلس علماء اہل سنت پاکستان کے نام سے خطباء اہل سنت کی ایک جماعت کے لئے وقف ہوگئے۔ تو اس زمانہ میں سید عبدالمجید ندیم شاہ صاحب مدظلہ کی نظر انتخاب مولانا عبدالحئی جام پوریؒ پر پڑی۔ انہیں مجلس تحفظ حقوق اہل سنت پاکستان کا سربراہ بنادیا۔ اب تھوڑا عرصہ ہوا ہمارے مخدوم زادہ ابن امیر شریعت مولانا سید عطاء المؤمن شاہ بخاری مدظلہ نے انہیں اپنی مجلس احرار اسلام پاکستان کا صدر منتخب کرایا۔ غرض مولانا عبدالحئی جام پوریؒ ایسے مرنجاں مرنج انسان اور خوبیوں کے مالک تھے کہ جہاں کہیں خلاء پیدا ہوتا اسے پر کرنے کے لئے سب کی نظر حضرت مولانا عبدالحئی جام پوریؒ پر پڑتی اور وہ بھی اپنی طبعی شرافت اور خدمت دین کے مزاج کے باعث کہ اگر میرے جانے سے دین کے اس شعبہ کا کام چل سکتا ہے تو دریغ نہ فرماتے۔ مولانا عبدالحئی جام پوری نے کئی جماعتوں کی کوہ پیمائی کی۔ لیکن جہاں گئے اپنے علم وفضل کے باعث نمایاں رہے۔
x
ﻧﻤﺒﺮﻣﻀﻤﻮﻥﺻﻔﺤﮧﻭاﻟﺪ
1 فہرست 1 0
Flag Counter