Deobandi Books

یاد دلبراں ۔ غیر موافق للمطبوع - یونیکوڈ

113 - 142
کے دامن سے جاوابستہ ہوئے۔ حق تعالیٰ بال بال مغفرت فرمائیں۔ خوب مردمومن تھے۔ مدتوں ان کی یادیں رہیںگی۔ (لولاک صفر ۱۴۳۰ھ)
(۴۷)  …  شیخ الحدیث حضرت مولانا فیض احمدؒ کا سانحہ ارتحال!
(وفات ۲۷؍ستمبر ۲۰۰۸ئ)
	استاذ العلماء شیخ الحدیث حضرت مولانا فیض احمد صاحبؒ ملتان میں ۲۷؍ستمبر ۲۰۰۸ئ، ۲۴؍رمضان ۱۴۲۹ھ بروز ہفتہ انتقال فرماگئے۔ انالللّٰہ وانا الیہ راجعون!
	لمبا کھلا چہرہ، رنگ گندمی، متوسط قد مائل بہ درازی، مشت بھر خوبصورت چھڑک بالوں والی داڑھی، جسم ہلکا اور مظبوط، چلنے میں وقار، طبیعت سادہ، منکسر المزاج، نیک سرشت، زندگی بھر غیر مناسب جملہ زبان پر لانے سے مجتنب۔ تمکنت کے کوہ ہمالیہ، آواز مدہم لیکن حق کی کڑک اپنے انداز سموئے ہوئے، بولیں تو موتی رولیں، علم وفضل کے پہاڑ، زہد وتقویٰ کے اعلیٰ درجہ پر فائز، ہمیشہ چھوٹوں پر شفقت، بڑوں کا احترام، بات میں اعتدال، بات کریں تو تول کر، اسباق پڑھاتے ہوئے دریا کو کوزہ میں بند کرنے کا اعلیٰ نمونہ، فقہ حنفی کے وجوہ ترجیح کے بیان میں اعتدال اور معقولیت کا انداز ایسا اپناتے کہ باقی تینوں آئمہ (امام شافعیؒ، امام مالکؒ، امام احمد بن حنبلؒ) بھی سنیں تو محبت سے گلے لگالیں۔ کتاب کا مشکل سے مشکل مسئلہ ایسی خوبصورت ادا سے نبھاتے کہ بات دل سے نکلتی دل پر اثر کرتی۔ زندگی بھر شاید کبھی ایک پیسہ فضول خرچی نہ کی ہو۔ لیکن دل کے ایسے دریا کہ مساجد، مدارس واداروں کی ہمیشہ مدد فرماتے۔ زندگی ایسی سادگی سے گذاری کہ جس پر بادشاہی بھی رشک کرے۔
	فقیر نے آپ کی پہلی زیارت ۱۹۶۶ء کے اواخر میں جامعہ قاسم العلوم ملتان میں کی۔ تب آپ سے مشکوٰۃ شریف پڑھنے کا شرف حاصل ہوا۔ آپ مشکوٰۃ اور دورہ کے اسباق پڑھانے کے لئے تشریف لاتے۔ سرپر ٹوپی اس پر سادہ سا پگڑی کی طرح بندھا سفید رومال، سفید قمیص، سفید چادر، سادگی پر دیکھنے والے کیا فرشتے بھی جھوم جاتے ہوںگے۔ مدرسہ میں سائیکل پر تشریف لاتے۔ وقت کے اتنے پابند کہ ان کی آمد پر گھڑیوں کا ٹائم ملایا جاسکتا تھا۔ مسند تدریس پر بیٹھتے تو علم کا وقار تقویٰ کی بہار کا گمان ہوتا تھا۔ بہت ہی منکسر المزاج بات کرتے تو ہلکے سے متبسم انداز میں، دلربائی ان کی نیکی کے اثرات کے باعث محبوبیت کا پر تولئے ہوئے۔ ایک بار جو درس میں شریک ہوا افہام وتفہیم کی شیریں دلنواز گفتگو سے وہ زندگی بھر آپ کا گرویدہ ہوگیا۔ اﷲ اﷲ اس دھرتی پر صحیح معنی میں چلتے پھرتے عالم ربانی، مستغنی مزاج ایسے کہ دنیا دار ان کے گھر کا پانی بھریں۔
	قارئین کرام! جنہوں نے ان کو نہیں دیکھا وہ اس تحریر کو مبالغہ پر محمول کریںگے۔ جنہوں نے ان کو دیکھا ہے اور ان کی شخصیت کی ہمہ گیری پر نظر رکھتے ہیں۔ اس عکس بندی کو عشر عشیر بھی قرار نہ دیں۔ دونوں حق بجانب، اس لئے کہ اب نہ تو ان کی مثال دی جاسکتی ہے اور نہ انہیں واپس لایا جاسکتا ہے۔ واقعی جنہوں نے نہیں دیکھا وہ اس تحریر کو مبالغہ پر محمول نہ کریں تو کیا کریں۔ جنہوں نے دیکھا وہ اس تحریر کو ان کی شخصیت کے مقابل میں ہیچ نہ سمجھیں تو کیا کریں۔
	آپ میلسی کے علاقہ ککری خورد میں ۱۹۲۷ء کو پیدا ہوئے۔آپ نے میلسی وجہانیاں میں ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ درس نظامی کے آخری چار سال جامعہ خیر المدارس ملتان میں پڑھا۔ اسی جامعہ سے دورہ حدیث شریف، مولانا خیر محمد جالندھریؒ، مولانا مفتی محمد عبداﷲؒ، مولانا 
x
ﻧﻤﺒﺮﻣﻀﻤﻮﻥﺻﻔﺤﮧﻭاﻟﺪ
1 فہرست 1 0
Flag Counter