۱۰…الف: مسجد
جامع مسجد ختم نبوت مسلم کالونی چناب نگر کا ہال 65×35 کا ہے۔ برآمدہ 65×14 کا ہے۔ نچلے برآمدہ پر اوپر دوسری منزل میں بھی اتنے سائز کا برآمدہ ہے۔ مسجد کے ہال میں کوئی پلر نہیں ہے۔ وسیع وعریض ہال، برآمدہ کے علاوہ صحن 65×125 کا ہے۔ مسجد کا مینار ایک سو بیس فٹ بلند ہے۔ مسجد کے ہال میں چھت کے نیچے شمال کی دیوار نصف، مغرب کی دیوار مکمل۔ جنوب کی دیوار نصف پر خوبصورت اوپر کی لائن میں اسماء الٰہی اور نیچے کی لائن میں اسماء النبیؐ بہت خوبصورت منظر پیش کرتے ہیں۔ اسمائے مبارکہ ماربل کی ٹائلوں پر ہیں۔ مسجد کے ہال وبرآمدہ میں دیواروں کا حاشیہ اور فرش پر عمدہ چپس کا کام کیاگیا ہے۔ مینار پر مکمل عمدہ ماربل لگا ہوا ہے۔ اسی طرح مسجد کے پورے فرنٹ پر عمدہ ماربل لگا ہوا ہے۔ مسجد کے مکمل صحن میں مضبوط لوہے کی تاروں کی وائرنگ کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ پنکھے لٹکائے گئے ہیں۔ ایک سو پچیس فٹ کے لمبے صحن میں کوئی پلر نہیں ہے۔ اس وقت آٹھ صفوں کے اوپر پنکھے لگوائے ہیں۔ مسجد کا یہ تمام کام حضرت قبلہؒ کے عہد امارت میں ہوا ہے۔
۱۱…ب: دارالمبلغین
الحمدﷲ! اس پر بھی عمل درآمد ہورہا ہے۔ حوالہ جاتی کتب پر مشتمل عظیم الشان بخاری لائبریری، مسلم کالونی چناب نگر کے مدرسہ میں موجود ہے۔ جس میں حوالہ جاتی کتب (ریفرنس بکس) دس ہزار کے قریب موجود ہیں۔ وسیع وعریض لائبریری ہال اب تنگیٔ دامن کا گلہ کرتا ہے۔ اب لائبریری کے لئے نیا لائبریری ہال زیر تجویز ہے۔ ملتان میں ہر سال ماہ شعبان میں دارالمبلغین کی کلاس لگتی تھی۔ ۱۴۱۶ھ سے اسے چناب نگر منتقل کیاگیا۔ اس وقت تک اس سے ہزاروں علماء نے سالانہ ردقادیانیت کا کورس کیا ہے۔ دارالمبلغین کورس کا چناب نگر میں اجرائ، آغاز اور عروج یہ سب کچھ حضرت مولانا خواجہ خان محمد صاحبؒ کے عہد امارت میں ہوا۔ قارئین کرام! یہاں پہنچ کر دل کے اس دکھڑے کا اظہار کئے بغیر چارہ نہیں کہ اس کورس کے آغاز واختتام پر حضرت قبلہؒ خود تشریف لاتے تھے۔ اگر آغاز پر تشریف نہیں لاسکے تو درمیان میں کم ازکم ایک رات کورس کے شرکاء میں چناب نگر ضرور گذارتے۔ طلباء کی عید ہو جاتی۔ بیعت ہوتے، زیارت کرتے۔ مجلس میں بیٹھتے، اختتام پر تشریف لانا تو آپ کا معمول تھا۔ بیماری کے باوجود تکلیف اٹھا کر بھی مسکینوں کی گذارش کو شرف قبولیت بخشتے اور تشریف لاتے۔ سوائے آخری چند سالوں کے کبھی بھی ناغہ نہیں ہوا۔ دارالمبلغین کے اس فیصلہ پر عمل درآمد اور اس شان وشوکت کے ساتھ، یہ سب ہمارے حضرت قبلہؒ کے عہد امارت میں ہوا۔ اس وقت پنجاب کے کامیاب ترین کورسوں میں سے ایک یہ کورس بھی ہے۔ جسے حضرت قبلہؒ کی سرپرستی کا اعزاز حاصل رہا ہے اور انشاء اﷲ قیامت تک جاری رہے گا۔ یہ سب ہمارے حضرت قبلہؒ کے لئے صدقہ جاریہ ہے۔
۱۲…ج: بہت بڑا چناب نگر میں مدرسہ عربی
جس میں انگلش کی بھی تعلیم ہو۔ اس فیصلہ پر عمل درآمد بھی حضرت قبلہؒ کے عہد امارت میں ہوا۔ اس وقت تین حفظ کی کلاسیں، ایک گردان کی، درجہ ثالثہ تک عربی کتب، میٹرک تک کی تعلیم جاری ہے۔ بچیوں کی تعلیم علاوہ ازیں ہے۔ قرآن مجید کے درجہ کے چار استاذ، درجہ کتب عربی کے تین اساتذہ، درجہ انگلش واردو کے تین اساتذہ اور دو استانیاں پڑھا رہی ہیں۔ خادم، گیٹ کیپر، مبلغ، باورچی خانہ کا عملہ علاوہ ازیں ہیں۔ یہ سب کچھ بھی حضرت خواجہ صاحبؒ کے عہد امارت میں ہوا۔ انشاء اﷲ اس میں مزید درمزید ترقی ہوگی۔ صبح درس قرآن ہوتا ہے۔ تبلیغ کے لئے جماعتیں نکلتی ہیں۔