اگر اندرون اور بیرون ملک مبلغین اراکین وہمدردان اور مخلصان تحفظ ختم نبوت کی تبلیغ دعوت وارشاد کی رفتار اور پیش قدمی اسی طرح جاری رہی، تو اﷲ تعالیٰ کے فضل وکرم اور نصرت سے امید ہے کہ اس بدترین فتنہ مرزائیت کے بقیہ آثار اور ادارے حرف غلط کی طرح مٹ جائیں گے اور دین حقہ اسلام کا دور دورہ ہوگا اور خلافت الٰہیہ علی منہاج الکتاب والسنۃ کا قیام ممکن ہوسکے گا۔ انشاء اﷲ تعالیٰ!
فقیر کی صحت بحمداﷲ تعالیٰ روبہ ترقی ہے۔ لیکن ابھی کافی کمزوری ہے اور اسی عذر کی وجہ سے اس مہتم باالشان اور بابرکت اجتماع میں شرکت اور حاضری کی سعادت حاصل نہیں کرسکا۔ امید ہے کہ آپ حضرات اس فقیر کا عذر قبول فرمائیں گے اور اپنی دعائوں سے اس ناچیز کی فلاح دارین کے لئے مدد فرمائیں گے۔ والعذر عند کرام الناس مقبول!
اسی لئے اپنی طرف سے مولانا نذیر احمد صاحب خطیب جامع مسجد کندیاں اور فرزندی عزیز احمد آپ کی خدمت میں بھیج رہا ہوں۔ اس اجتماع میں آپ حضرات کو آئندہ کے لئے تنظیمی انتخاب کرنا ہے اور اس میں خاص طور پر امیر مرکزیہ کا انتخاب خاص اہمیت کا حامل ہے۔ اب آپ حضرات کو حضرت مولانا محمد یوسف بنوریؒ کی جگہ پر کرنے کے لئے انہی کے علم وفضل اور عمل واخلاص کے پایہ کے، عالم حق کو اس منصب کے لئے منتخب کرنا ہے جو صاحب قلم بھی ہو اور قادر الکلام مقرر بھی۔ عالم باعمل بھی ہو اور عالمی شہرت کا حامل بھی ہو اور ادارہ مجلس تحفظ ختم نبوت کی اہمیت وافادیت کا دل وجان سے قائل بھی ہو۔ اس کے علاوہ کسی مرکزی حیثیت کے شہر کا جو ذرائع آمدورفت کی سہولتوں سے پوری طرح بہرہ ور ہو قیام پذیر بھی ہو۔ اﷲ تعالیٰ آپ حضرات کو ایسے عالم حق کے انتخاب کی رہنمائی اور توفیق عطاء فرماوے۔ آمین!
جہاں تک اس فقیر کا تعلق ہے۔ اپنے آپ کو تحفظ ختم نبوت کا ایک ادنیٰ خادم ہی بننا اپنے لئے ذریعہ فلاح دارین سمجھتا ہے۔ ایک دور دراز گوشۂ ملک میں رہتا ہے۔ جہاں آمدورفت کے وسائل محدود اور دشوار ہیں، نہ اہل قلم ہے نہ ہی مقرر ہے، اور اس عظیم مرتبہ کے لئے ضروری اوصاف سے بالکل عاری اور ناآشنا ہے۔ یہ کسر نفسی نہیں بلکہ حقیقت کا اظہار ہے۔ اس ناچیز کا اس منصب جید کے لئے زیر غور لانا حقیقتاً اس منصب عالیہ کی توہین اور اہانت ہے۔ آپ نے اگر نائب امیر ہونے کی حیثیت سے اس مورئے کو سامنے رکھا تو یہ آپ حضرات کی دیانتدارانہ رائے کے سراسر خلاف ہوگا اور آپ حضرات اپنی ذمہ داری کی ادائیگی میں کوتاہی کے مرتکب ہوںگے۔ اگر اس فقیر کو اپنی تمام نالائقی کے باوجود منتخب کر لیا گیا اور اس فقیر سے اپنی نالائقی کی بنا پر کوتاہیاں سرزد ہوئیں جو کہ یقینی ہیں اور یأتی باالعجائب کا نمونہ پیش کیا تو اس میں آپ حضرات برابر کے شریک ہوںگے۔ اﷲ تبارک وتعالیٰ محفوظ ومصؤن رکھے۔ آمین! لہٰذا آپ حضرات کی خدمت میں نہایت دردمندانہ اپیل ہے کہ اس کے متعلق اپنی دیانت کے مطابق پوری سوچ اور فکر کے ساتھ فیصلہ کریں۔ اﷲتعالیٰ آپ حضرات کی مدد ونصرت اور رہنمائی فرماوے اور صحیح فیصلہ کرنے کی توفیق رفیق گردانے۔ آمین!
فقیر دعاگو ہے کہ مولائے کریم ورحیم جل شانہ آپ حضرات اور جملہ اراکین وہمدردان مجلس تحفظ ختم نبوت اور جملہ اہل اسلام کو اقصائے عالم میں ظاہری وباطنی خیروبرکت اور صحت وعافیت دارین اور فتح ونصرت اور تمکن ورسوخ سے نوازے اور دین حقہ اسلام کی بیش از بیش خدمت تبلیغ اور اشاعت کی توفیق کرامت فرماوے اور اپنے فضل وکرم اور رضاو حفظ خاص سے سرفراز فرماکر اپنے انصار اﷲ اور حزب اﷲ کے زمرہ میں محشور فرماوے۔ آمین! باالنبی الامی خاتم الانبیاء والمرسلینﷺ!