Deobandi Books

تذکرہ خواجۂ خواجگان ۔ غیر موافق للمطبوع - یونیکوڈ

44 - 251
قاری محمداجمل خانؒ لاہور نے کی۔ مولانا محمدشریف جالندھریؒ نے سابقہ جنرل کونسل کے اجلاس منعقدہ ملتان بتاریخ ۹؍اپریل ۱۹۷۴ء کی کاروائی پڑھ کر سنائی۔ مولانا تاج محمودؒ نے شیخ الاسلام مولانا سید محمدیوسف بنوری مرحوم کی وفات حسرت آیات کو مجلس تحفظ ختم نبوت پاکستان کی یتیمی اور عالم اسلام کے لئے عظیم نقصان اور سانحہ فاجعہ قرار دیا۔ حضرت مرحوم کی علمی خدمات اور مجلس تحفظ ختم نبوت کی شاندار قیادت باسعادت پر آپ کو خراج تحسین پیش کیا۔ اندرون وبیرون ملک آپ کے عظیم دینی منصوبہ جات کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا عہد کیا۔ مولانا تاج محمودؒ کی اپیل پر شرکاء اجلاس نے چشم پرنم سے حضرت مرحوم کے لئے دعا فرمائی اور آپ کے مشن تحفظ ختم نبوت کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا عہد کیا۔ بعد ازاں حضرت مولانا نذیر احمد خطیب کندیاں ضلع میانوالی نے حضرت مولانا خان محمدصاحب دامت برکاتہم کا درج ذیل تاریخی پیغام پڑھ کر سنایا۔
۷…حضرت قبلہؒ کا تاریخی خط
بعد الحمدوالصلوٰۃ وارسال التسلیمات والتحیات فقیر ابوالخلیل خان محمد عفی عنہ
 نائب امیر مجلس تحفظ ختم نبوت پاکستان کی طرف سے حضرات گرامی قدر اراکین کرام
 مجلس شوریٰ وعاملہ مجلس تحفظ ختم نبوت پاکستان  …   سلمکم اﷲ تعالیٰ وعافاکم!
	مطالعہ فرماویں کہ آپ حضرات کا اس مبارک اجتماع میں شریک ہونا سلف صالحین کرام اور غازیان اسلام کی یاد تازہ کرتا ہے۔ اﷲ تعالیٰ اپنے اسلاف کرام کی پوری پوری اتباع ہم سب کو نصیب فرماوے اور اپنے اکابر کے مسلک پر استقامت اور اس کی حفاظت واشاعت کی توفیق مرحمت فرماوے۔ آمین!
	سب سے پہلے آپ حضرات کی خدمت میں حضرت اقدس شیخ الاسلام علامہ بنوری نوراﷲ تعالیٰ مرقدہ کی رحلت سے متعلق تعزیت عرض ہے۔ یہ حادثہ فاجعہ ہم سب کے لئے اور سارے عالم اسلام کے لئے مشترک المیہ ہے اور ہم سب اس غم میں برابر کے شریک ہیں۔ سارے عالم اسلام اور پاکستان کے لئے عموماً اور مسلک حقہ اسلام، دیوبند سے تعلق رکھنے والوں اور مجلس تحفظ ختم نبوت کے لئے خصوصاً یہ عظیم حادثہ ہے اور ناقابل تلافی نقصان ہے۔ یہ ایک ایسا خلاء پیدا ہوا ہے جس کی تلافی ناممکن ہے۔ اناﷲواناالیہ راجعون!
	حضرت شیخ الاسلام، رئیس العلماء والصلحاء مولانا محمدیوسف بنوری قدس سرہ العزیز امیر کل پاکستان مجلس تحفظ ختم نبوت کا دور امارت ہر لحاظ سے بفضلہ تعالیٰ مجلس تحفظ ختم نبوت کے مقاصد عظیمہ کی فقید المثال کامیابی اور فائز المرامی کا دور ثابت ہوا ہے۔ حضرت مولانا رحمتہ اﷲ علیہ کی رہنمائی میں اندرون ملک اور عالمی سطح پر تحفظ ختم نبوت کے ادارے نہ صرف قائم ہوئے بلکہ ملحدین وزنادقہ اور فرقہ ضالہ مرزائیہ کے ظاہر اور خفیہ اڈوں اور کمین گاہوں پر مبلغین تحفظ ختم نبوت کی مضبوط تبلیغی پیش قدمی کے راستے کھل گئے اور عالمی سطح پر دشمنان اسلام کی اہل اسلام کو گمراہ کرنے کی ناپاک سرگرمیاں سرد پڑگئیں اور اہل اسلام پر ان کا دجل وفریب، گمراہی اور کفر واضح ہوگیا اور حضرت اقدس نے بنفس نفیس خود افریقہ اور لندن وغیرہ کا دورہ کیا اور اس پیرانہ سالی کے باوجود فرقہ ضالہ مرزائیہ کا تعاقب کیا اور کامیابی وکامرانی کے ساتھ واپسی ہوئی۔ اﷲ تعالیٰ آئندہ بھی نصرت وتائید فرماوے۔ آمین!
x
ﻧﻤﺒﺮﻣﻀﻤﻮﻥﺻﻔﺤﮧﻭاﻟﺪ
1 فہرست 1 0
Flag Counter