Deobandi Books

تذکرہ خواجۂ خواجگان ۔ غیر موافق للمطبوع - یونیکوڈ

42 - 251
صدقے، شہدائے ختم نبوت کے خون کے بدلے، حضرت انورشاہ کشمیریؒ، حضرت امیرشریعتؒ، حضرت قاضی صاحبؒ، حضرت مولانا جالندھریؒ، مولانا لال حسین اخترؒ اور دوسرے بزرگوں کی قربانیوں کے طفیل اﷲ تعالیٰ نے ہمیں یہ کامیابی عنایت فرمائی ہے۔ ہر وہ شخص مبارک باد کا مستحق ہے جس نے ختم نبوت کے لئے تھوڑا بہت کام کیا ہے۔ حضرت اقدس مولانا سید محمدیوسف بنوریؒ، حضرت اقدس مولانا خان محمد سجادہ نشینؒ خانقاہ سراجیہ کی قیادت باسعادت، مولانا تاج محمودؒ، مولانا محمدحیاتؒ، مولانا عبدالرحمن میانویؒ، مولانا عبدالرحیم اشعرؒ، مولانا غلام محمدؒ، سردار میرعالم خان لغاری کی رفاقت باکرامت کے صدقے یہ مشن پایہ تکمیل کو پہنچاہے۔ ملک بھر کے مبلغین ختم نبوت اور کارکنان وبہی خواہان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے تمام دوستوں سے گزارش ہے کہ وہ اپنی جدوجہد کو تیز کردیں۔ تاکہ جلد از جلد منزل مقصود کو حاصل کریں۔‘‘ 
				والسلام، دعائوں کا محتاج، محمدشریف جالندھریؒ
	یہ طویل اقتباس آپ نے ملاحظہ فرمایا۔ اب اس پلاٹ واقع مسلم کالونی پر جہاں حضرت قبلہ مولانا خواجہ خان محمدؒ نے ۷؍جولائی ۱۹۷۶ء کو عصر کی نماز پڑھائی وہاں پہلے عارضی مصلّٰی تیارکیاگیا۔ اس کے ساتھ گارے کا ایک کمرہ، اس کے عقب میں باورچی خانہ وواش روم تعمیر ہوئے۔ حضرت مولانا محمدحیاتؒ تشریف لائے۔ ان کے ساتھ قاری محمد منیر صاحب مدرس وامام کے طور پر مقرر ہوئے۔ مسافر طلباء رکھے گئے۔ پھر آٹھ کمروں کا ایک بلاک تعمیر ہوا۔ پھر موجودہ جامع مسجد ختم نبوت مسلم کالونی تعمیر ہوئی۔ پھر ۱۹۸۲ء سے پہلی ختم نبوت کانفرنس یہاں منعقد ہوئی۔ پھر مدرسہ کے دیگر کمرے، لائبریری ہال، مہمان خانہ، دو قرآن ہال، اوپر چار رہائش گاہیں، باورچی خانہ، دوسری منزل پر چار ہال جن میں آج بچیوں کا مدرسہ للبنات بھی قائم ہے۔ اس پلاٹ پر تمام بہاریں ہمارے خواجہ خواجگان حضرت مولانا خواجہ خان محمدؒ کی مساعی جمیلہ اور آپ کے بابرکت عہد امارت کی برکتیں وثمرات ہیں۔ ( ایک بار پھر اس عنوان کو لینا پڑے گا۔ اس لئے سردست اس کو یہاں چھوڑتا ہوں)
۵…حضرت بنوریؒ کی زیرصدارت آخری شوریٰ کا اجلاس
	۱۰؍ اگست ۱۹۷۷ء مطابق ۲۴؍ شعبان ۱۳۹۷ھ حضرت بنوریؒ کی زیر صدارت عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس ملتان میں منعقد ہوا۔ اس میں دیگر حضرات کے علاوہ ہمارے حضرت قبلہ خواجہ خان محمدصاحبؒ بھی شریک ہوئے۔ یہ اجلاس حضرت بنوریؒ کی زیر صدارت آخری اجلاس تھا۔ اس لئے کہ ۱۷؍اکتوبر ۱۹۷۷ء کو سی ایم ایچ راولپنڈی میں آپ کا وصال ہوگیا۔ اس اجلاس میں جو فیصلے ہوئے ان میں یہ زیادہ توجہ کے مستحق ہیں۔
	۱…	اگر کسی جماعت نے کوئی قادیانی الیکشن میں کھڑا کیا یا کسی امیدوار نے من حیث الجماعت مرزائیوں کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کی تو مجلس تحفظ ختم نبوت اس کی بھرپور مخالفت کرے گی۔
	۲…	مسلم کالونی چناب نگرکا جو نقشہ کرنل امیر حسین صاحب کراچی نے تیار کیا ہے۔ اس کی بجائے مجلس کی ضرورت کے مطابق : الف… مسجد۔ ب… اس کے ساتھ دارالمبلغین جہاں سے اندرون وبیرون ملک کے لئے مبلغین تیار کئے جائیں۔ ج… بہت بڑے درجہ کا عربی مدرسہ جس میں انگریزی کی تعلیم بھی ساتھ ہو۔ د…اساتذہ، مبلغین کے رہائشی کوارٹر۔
	۳…	برطانیہ میں کام کو وسیع کیا جائے۔
x
ﻧﻤﺒﺮﻣﻀﻤﻮﻥﺻﻔﺤﮧﻭاﻟﺪ
1 فہرست 1 0
Flag Counter