Deobandi Books

ماہنامہ البینات کراچی شعبان المعظم ۱۴۳۱ھ - اگست ۲۰۱۰ء

ہ رسالہ

10 - 10
نقدونظر !
تبصرے کے لیے ہرکتاب کے دونسخوں کاآنا ضروری ہے
(ادارہ)
توضیحات اردو شرح مشکوٰة المصابیح:
مولانا فضل محمد یوسف زئی، صفحات: ۶۶۴،قیمت: درج نہیں ، ناشر:المکتبة العربیہ جمشید روڈ کراچی۔فون:0321-3788955ملنے کا پتہ: اسلامی کتب خانہ علامہ بنوری ٹاؤن کراچی۔
حضرت مولانا فضل محمد صاحب استاذ حدیث جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کراچی، طویل عرصہ سے مشکوٰة المصابیح کا درس دے رہے ہیں، دس سال قبل آپ نے درسی افادات لکھنے کا کام شروع فرمایا جو سات جلدوں میں زیور طبع سے آراستہ ہوکر منظر عام پر آچکے ہیں۔
زیر تبصرہ کتاب اس سلسلہ کی آٹھویں اور آخری جلد ہے جو ”باب صفة الجنة واہلہا“ یعنی جنت اور اہل جنت کی صفات کے بیان سے شروع ہوکر ”باب ثواب ہذہ الامة“ یعنی اس امت کی فضیلت کا بیان پر مکمل ہوگئی ہے۔
اس کتاب کی خصوصیات میں سے ہے کہ تمام احادیث پر اعراب لگائے گئے ہیں، ہرحدیث کا سلیس ترجمہ کیا گیا ہے۔ توضیح کے عنوان سے ہرحدیث کی محدثانہ انداز میں تشریح کی گئی ہے اور خاص کر مشکوٰة المصابیح کے راوی صحابہ وصحابیات کے حالات کا اردو ترجمہ اس کے آخر میں ذکر کیا گیا ہے۔
ماشاء اللہ کتاب کا ٹائٹل، جلد، کاغذ اور طباعت میں مناسب انداز اختیار کیا گیا ہے، یہ کتاب حدیث پڑھنے والے طلبہ اور مدرسین کے لئے نعمت غیر مترقبہ ہے۔
فتاویٰ دارالعلوم کراچی: (امداد السائلین) جلد اول،
حضرت مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی صاحب مدظلہ ، صفحات:۵۴۲، رعایتی قیمت: ۳۰۰ روپے، ناشر: ادارة المعارف کراچی فون: 021-35123161
حضرت مولانا مفتی محمدرفیع عثمانی صاحب دامت برکاتہم العالیہ کی باکمال شخصیت حلقہ اہل علم وعوام میں مخفی نہیں ،اللہ تعالیٰ نے مستقبل کی اس عظیم دینی شخصیت کے لئے تکوینی طور پر ابتداء ہی سے ایک علمی گھرانے اور دینی ماحول کا بندو بست فرمادیا تھا ۔اس کے ساتھ ساتھ جبال العلم والعمل اساتذہ کی علمی وعملی تربیت آپ کو میسر آئی۔ آپ اپنے والدمفتی اعظم پاکستان حضرت مولانا مفتی محمد شفیع قدس سرہ کی زندگی میں فتویٰ، مفتی، استفتاء، تحقیق وغیرہ کے الفاظ سے مانوس ہوگئے تھے،آپ کو بچپن سے ہی فقہ وفتویٰ کا خصوصی ماحول اور شب وروز اس کا تذکرہ سننے کو ملا، آپ نے تمرین افتاء کا کام حضرت والد صاحب کی زیر نگرانی کیا۔
فتاویٰ کے علاوہ آپ کے قلم سے چھوٹی بڑی تقریباً ۵۰ کتب منظر عام پر داد تحسین وصول کرچکی ہیں ،ابتداء کتاب میں آپ کے مختصر حالات زندگی اور آپ کا تعارف دیا گیا ہے۔
زیر تبصرہ کتاب میں ”کتاب الایمان والعقائد“ کے تحت آٹھ فصول: ۱…فصل فی الایمان والکفر، ۲…فصل فی الانبیاء، ۳…فصل فی السنة والبدعة، ۴…فصل فی کلمات الکفر وافعال الکفر، ۵…فصل فی الفرق الاسلامیة والباطلة، ۶… فصل فی المتفرقات، ۷…فصل فی التقدیر، ۸…فصل فی الوسوسة کو ذکر کیا گیا ہے۔”کتاب العلم“ کے تحت ۳ فصول: ۱…فصل فی تعظیم العلم والعلماء، ۲…فصل فی التعلیم والتبلیغ، ۳…فصل فی المتفرقات کو بیان کیا گیا ہے ”کتاب التفسیر وما یتعلق بالقرآن“ کے تحت ۳ فصول: ۱… فصل فی التفسیر القرآن وتدوینہ وما یتعلق بہما، ۲… فصل فی تعظیم القرآن وتلاوتہ، ۳… فصل فی التجوید کو لایا گیاہے ۔کتاب ما یتعلق بالحدیث والسنة، کتاب الذکر والدعا، کتاب ما یتعلق بالتصوف والسلوک کے تحت ۲ فصول: فصل فی الرؤیا، ۲… فصل فی المتفرقات کو درج کیا گیا ہے۔ کتاب الحقوق المعاشرة وآدابہا ، کتاب التاریخ والسیر والمناقب، کتاب الطہارة جیسے عنوانات کے تحت اہم فتاویٰ ومسائل کو تفصیل کے ساتھ باتخریج وباحوالا ذکر کیا گیا ہے۔
کتاب کاغذ، ٹائٹل اور طباعت کے اعتبار سے اعلیٰ ذوق کا نمونہ ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اہلِعلم واہلِ تقویٰ قدردانی کی توفیق عطا فرمائے۔
رشتہ داری کا خیال رکھئے
مولانا بشارت الٰہی، صفحات: ۱۷۲، عام قیمت: ۱۴۰ روپے، مکتبہ بیت العلم اردو بازار کراچی فون: 021-32726509
دین اسلام کامل ومکمل دین ہے جو زندگی کے تمام ادوار وحالات کو محیط ہے اور ہر شعبہ ٴ زندگی میں اس کی ہدایت وراہنمائی موجود ہے، ماں ، بہن، بھائی، بیٹا بیٹی ہرایک کے حقوق اور اس کی ذمہ داریاں دین متین میں متعین ہیں، حضور ا کا ارشاد ہے ”کلکم راع وکلکم مسئول عن رعیتہ“ ہرایک نگہبان ہے اور ہرایک سے اس کے ماتحت لوگوں کے بارہ میں اس سے سوال ہوگا ۔اسی طرح صلہ رحمی اور رشتہ داری کا پاس بھی ایک مسلمان کے لئے شرط لازم کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ حضور ا نے ارشاد فرمایا :”صل من قطعک واعف عمن ظلمک،واحسن الی من اسائک“ جو قطعی رحمی کرے تم اس کے ساتھ صلہ رحمی کرو اور جو تم پر ظلم کرے تم اس کو معاف کرو،اور جو تمہارے ساتھ برائی کرے ،تم اس سے احسان سے پیش آوٴ۔ زیر تبصرہ کتاب میں بھی اس بات کی یاددہانی کرائی گئی ہے مؤلف نے ٹائٹل پر اس کتاب کا تعارف یوں کرایا ہے:
”ہم رشتہ داروں کے حقوق اداکرکے اپنی زندگی کو بابرکت اور جنت نظیر زندگی کا نمونہ بنا سکتے ہیں ،حقوق کی ادائیگی باہمی جھگڑوں کے ختم کرنے کا آسان ترین حل ہے۔ اس کتاب میں رشتہ داروں کے حقوق بیان کردینے کے ساتھ ساتھ قرآن کریم اور حدیث نبویہ کی ہدایات سے ان حقوق کو ادا کرنے کی ترغیب دی گئی ہے، جس کے مطالعہ سے انشاء اللہ تعالیٰ حقوق کا ادا کرنا سہل وآسان ہوگا،،۔ کتاب قابل قدر اور لائق مطالعہ ہے۔
حصن حصین عربی :ترجمہ وتشریح قول متین:
ابو العلا مولانا محمد عبد العلیم ندوی، ترتیب نو ڈاکٹر محمد عبد المقیب شاکر علیمی، صفحات: ۵۶۰، عام قیمت: ۳۰۰ روپے، ناشر: زمزم پبلشرز، شاہ زیب سینٹر نزد مقدس مسجد، اردو بازار کراچی۔
حضور اکا ارشاد ہے: بعض اللہ کے محبوب ایسے ہوتے ہیں کہ جن کو قبول عام نصیب ہوتا ہے، انہیں میں سے ایک امام ابن الجزری ہیں۔
علامہ ابن الجزری کی کتاب حصن حصین جو ادعیہ واذکار کی نہایت جامع کتاب ہے، آپ نے احادیث نبویہ کی چھبیس (۲۶) مستند کتب سے ان دعاؤں کا انتخاب کیا ہے اور کئی نامور محدثین وعلماء نے اس کی شروحات لکھی ہیں، جن میں ملا علی قاری کی شرح ”الحرز الثمین“ ہے، اس طرح اردو میں نواب قطب الدین خان دہلوی کی ”ظفر جمیل“ ہے، مولانا محمد احسن نانوتوی کی ”خیر متین“ وغیرہ ہیں۔
اب یہ کتاب ”قول متین“ کے نام سے زمزم پبلشرز نے شائع کی ہے، جس میں چند باتوں کا خصوصی طور پر خیال رکھا گیا :
۱…ہرلفظ کا اس طرح ترجمہ کیا کہ لفظ کے معنی اور مراد دونوں واضح ہوجائیں، اور زبان کا لطف بھی باقی رہے،۲…مشکل الفاظ کی لغوی تحقیق، ۳…ہرحدیث کی مختصر اور معنی خیز تشریح، ۴… فقہی مسئلہ کا بیان، ۵…جہاں قرآنی آیت کا ٹکڑا تھا، وہاں پوری آیت نقل کردی، ۶…ضمناً نماز، روزہ، حج وغیرہ کے آداب اور ان سے متعلق ضروری مسائل کا بیان۔ کتاب بہت عمدہ، قابل قدر اور ہرفرد کے لئے لائق مطالعہ ہے۔
الدعاء المسنون
مولانا مفتی ارشاد صاحب القاسمی، صفحات: ۶۸۴، عام قیمت: ۳۲۵ روپے، ناشر:زمزم پبلشرز شاہ زیب سینٹر نزد مقدس مسجد اردو بازار کراچی۔
اللہ تبارک وتعالیٰ غنی ہیں اور انسان سرتا پا محتاج وفقیر ہے، غنی کا کام دینا ہے اور فقیر کا کام مانگنا ہے۔ یہ ایسا غنی ہے جو مانگنے سے خوش ہوتا ہے اور نہ مانگنے سے ناراض ہوتا ہے، جیساکہ قرآن کریم میں ارشاد ہے: وقال ربکم ادعونی استجب لکم، ان الذین یستکبرون عن عبادتی سیدخلون جہنم داخرین“ یعنی اللہ تعالیٰ فرماتا ہے مجھ سے مانگو میں تمہاری دعا کو قبول کروں گا جو لوگ مانگنے سے تکبر کرتے ہیں، ان کو جہنم رسید کروں گا“۔
اب مانگنے کا طریقہ بھی اپنے نبی کی زبانی خود بتلایا: آپ ا نے ہرہرموقع ومحل پر دعائیں تلقین فرمائی ہیں، جنہیں علمائے امت نے اپنے اپنے انداز میں ان دعاؤں کو ترتیب دیا ہے۔ ان میں ایک ”الدعاء المسنون“ ہے جو اپنے موضوع پر نہایت ہی جامع اور بہترین کتاب ہے۔
اللہ تعالیٰ جزائے خیر عطا فرمائے زمزم پبلشرز کے احباب کوکہ انہوں نے زر کثیر صرف فرماکر یہ سوغات تیار کی ہے۔کتاب ہراعتبار سے قابل قدر اور عمدہ ہے۔
فیصلہٴ قرآن المسمی خدائی فیصلہ:
مولانا ابوالقاسم محمد رمضان غفاری نقشبندی، صفحات: ۱۲۰، قیمت: درج نہیں، پتہ مکتبہ زکریا چوبارہ روڈ لیہ۔
اس رسالہ کے مختلف ابواب میں رد شرک، حاجت روا ،مشکل کشا کون؟ مسئلہ علم غیب ، مختار کل، مسئلہ حاضر وناظر اور مسئلہ نور وبشر جیسے اہم مسائل کو قرآنی دلائل سے مبرہن کیا گیا ہے، رسالہ اس لائق ہے کہ اس کا مطالعہ کیا جائے۔
ذکر مصطفی ﷺ
جناب صابر کاسگنجوی، صفحات: ۳۲۰، قیمت: درج نہیں، پتہ: بزم شعر وادب اسلام آباد۔
حضور اکرم اسے محبت کرنا ایمان میں سے ہے، آپ کا تذکرہ عبادت، آپ پر درود پڑھنا آخرت میں شفاعت اور آپ کی قربت کا ذریعہ ہے۔جناب صابر صاحب جو غزل کے انداز میں نعت کہتے ہیں، ان کی نعتوں کا مجموعہ ”قندیل نور“ شائع ہوکر ادبی اور دینی حلقوں سے خراج تحسین حاصل کرچکا ہے اور اب ”ذکر مصطفی ا“ پیش کرنے کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔اللہ تعالیٰ اس مجموعہ کو عوام الناس کے لئے نافع بنائے، آمین۔
اشاعت ۲۰۱۰ ماہنامہ بینات , شعبان المعظم:۱۴۳۱ھ - اگست: ۲۰۱۰ء, جلد 73, شمارہ 
Flag Counter