Deobandi Books

ماہنامہ دار العلوم دیوبندرمضان - ذيقعده 1431 ھ مطابق ستمبر - اكتوبر 2010 ء

ہ رسالہ

9 - 9
***
بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا
مولانا عمید الز ماں کیرانوی کی وفات پر
مہتمم دارالعلوم مولانا مرغوب الرحمن صاحب کا پیغام تعزیت


دیوبند: 25/ستمبر
آل انڈیا مجلس مشاورت کے جنرل سکریٹری اور مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن تنظیم ابنائے قدیم دارالعلوم دیوبند کے کارگزار صدر دارالعلوم دیوبند میں علمائے دیوبند کے ہم سبق، عربی زبان وادب کے ماہر، انگریزی زبان پر قابو یافتہ اور خدمت انسانی کے عظیم الشان مشن سے وابستہ عظیم المرتبت شخصیت مذہبی، سماجی شخصیات کے دل کی دھڑکن، ملّت اسلامیہ اور فلاح انسانی کے نقیب، عہد ساز اور نیک سیرت انسان حکومت وقت سے اسلامی مسائل پر آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر باتیں کرنے والے مولانا عمید الزماں کیرانوی کے انتقال کی خبر جوں ہی دارالعلوم میں آئی، یہاں کے اساتذہ اور طلبا کے دل ودماغ اس قدر متاثر ہوئے کہ نہ صرف احاطہ دارالعلوم بلکہ آس پاس کے علاقے میں غم واندوہ کے بادل چھاگئے۔
یہ ہیں وہ تاثرات جو مہتمم دارالعلوم حضرت مولانا مرغوب الرحمن صاحب نے مولانا عمید الزماں کی وفات حسرت آیات کی اندوہناک خبر سن کر آس پاس بیٹھے ہوئے رفقائے کار کے سامنے بیان کئے آپ نے فرمایا کہ وہ ایک عالم کی موت نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کیلئے ایک ایسی دل ہلادینے والی خبر ہے جس کا اثر عرصہ دراز تک محسوس کیا جاتا رہے گا۔ آپ نے اسے ذاتی، ملّی اور قومی نقصان قرار دیا آپ نے فرائض کے تئیں ایمانداری سے بیدار رہنے اور تعمیری اصولوں کے تئیں دل وجان سے کام کرنے کے آپ کے جذبہٴ صادق کو سراہا۔ دارالعلوم میں آپ کے سانحہ ارتحال کی خبر آتے ہی یہاں کے علمائے کرام اور اساتذہ کرام نے مولانا عمید الزماں کے گھرپہنچ کر تعزیت کی۔ دارالعلوم میں ایصال ثواب کا اہتمام واعلان کیاگیا۔
مولانا مرغوب الرحمن صاحب نے مرحوم کے کنبے والوں سے اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کیلئے دعائے مغفرت فرمائی، آپ نے کہا کہ ایسی مثالی شخصیتیں دنیا میں بہت کم اور شاذ ونادر ہی نمودار ہوتی ہیں، بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا۔ سانحہ ارتحال پر تعزیت کرنے والوں میں نائب مہتمم مولانا عبدالخالق سنبھلی، مولانا عبدالخالق مدراسی، مولانا نعمت اللہ صاحب، مولانا مجیب اللہ ناظم تعلیمات، صدر المدرسین مولانا سعید احمد پالن پوری اور دیگر اصحاب گرامی شامل ہیں۔
جاری کردہ دفتر اہتمام
(مولانا) عبدالخالق مدراسی

Flag Counter