***
دارالعلوم کا انعامی جلسہ
مہتمم دارالعلوم مولانا مرغوب الرحمن اور مولانا بدرالدین صاحب کی طرف سے انعامات
دارالعلوم کے دارالحدیث ہال میں 20/ اور 21/ مئی کو مہتمم دارالعلوم حضرت مولانا مرغوب الرحمن کی صدارت میں انعامی جلسہ ہوا، جس میں شعبان 1429ھ کے سالانہ امتحان میں کامیاب ہونے والے اور پورے سال کلاس میں حاضر ہونے والے طلبا کو انعامات سے نوازا گیا، انعام پانے والے طلبا کی مجموعی تعداد تقریبا ڈھائی ہزار ہے، دارالعلوم نے اس مد پر آٹھ لاکھ پچاس ہزار روپئے خرچ کیے ہیں۔ دورئہ حدیث شریف میں جونپور کے صفوان احمد اول آئے، سہرسہ کے محمدنوشاد، غازی آباد کے محمد شعیب دوسرے نمبر پررہے جب کہ آسام کے اسد اللہ تیسرے نمبر پر رہے۔
20/ مئی کی نشست میں صدر المدرسین حضرت مولانا سعید پالن پوری نے طلبا سے خطاب کیا اور ان کو علم کی فضیلت، حصول علم کی افادیت اور ان کی مستقبل کی ذمہ داریوں سے انھیں آگاہ کرایا، اس موقع پر کارگزار مہتمم مولانا غلام رسول خاموش، نائب مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی، نائب مہتمم مولانا عبدالخالق سنبھلی، اساتذئہ حدیث حضرت مولانا نعمت اللہ، مولانا عبدالحق، قاری محمد عثمان، مولانا قمرالدین، مولانا ریاست علی اور دیگر بہت سے اساتذہ کرام موجود رہے۔
ناظم مجلس تعلیمی حضرت مولانا مجیب اللہ صاحب نے جلسے کی نظامت کے فرائض انجام دیے، آپ نے اس موقع پر جلسہ انعامیہ کی رپورٹ پڑھ کر سنائی اور انعامات کی تفاصیل کے حوالے سے بتایا کہ اول، دوم، سوم آنے والے طلبا کو حضرت مہتمم صاحب کی طرف سے خصوصی انعامات سے نوازا جارہا ہے، جب کہ رکن شوریٰ حضرت مولانا بدرالدین اجمل کی طرف سے 59 لڑکوں کو خصوصی انعامات دیے جارہے ہیں۔ ان میں اترپردیش، بہار، آسام اور آندھراپردیش کے طلبا شامل ہیں۔
جلسہ کا آغاز قاری شفیق الرحمن صاحب کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔
پورے سال میں ایک گھنٹہ بھی غیرحاضر نہ رہنے والے طلبا کی تعداد 222 ہے، ان کو فی فرد 500 روپئے دارالعلوم کی طرف سے اور مزید 500 روپئے مولانا بدرالدین اجمل کی طرف سے دیے گئے، جب کہ پورے سال میں ایک گھنٹہ کی غیرحاضری کرنے والے 40 طلبا کو 250 روپئے فی طالب علم نقد انعام دارالعلوم کی طرف سے اور مزید 250 روپئے فی طالب علم نقد انعام رکن شوریٰ مولانا بدرالدین اجمل کی طرف سے دیا گیا۔
دو روزہ اجلاس میں دارالعلوم کے تقریباً ڈھائی ہزار طلبا کو انعامات سے نوازا گیا، انعامات میں کتابیں دی گئیں، ان میں سے چند کتابوں کے نام یہ ہیں:
رحمة للعالمین، آئینہٴ حقیقت نما، اشاعت اسلام، علوم القرآن، حیات المسلمین، انوارالمناسک، سیرة المصطفیٰ، عمدة القاری، فتاویٰ شامی، البحر الرائق، بدائع الصنائع، روح المعانی، اعراب القرآن وغیرہ۔
20/ مئی کی شام کی نشست میں قاری عبدالروٴف صاحب کی تلاوت کلام پاک سے کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ 21/ مئی کی نشست کا آغاز قاری آفتاب عالم صاحب کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔
طلبا کے نام پکارکر انعام دینے والوں میں مولانا مجیب اللہ صاحب، مفتی خورشید انور صاحب، مولانا خضرمحمدکشمیری، مولانا منیرالدین احمد عثمانی، مولانا عبداللہ معروفی، مولانا سلمان صاحب بجنوری اور مولانا حسین احمد ہریدواری کے اسمائے گرامی شامل ہیں۔
انعامات پانے والے طلبا کی تفصیل درج ذیل ہے:
سال ہفتم 560 سال ششم 390
سال پنجم 259 سال چہارم 158
سال سوم 123 سال دوم 32
تجوید القرآن کے انعام یافتگان کی تعداد 210
حفظ 215 ناظرہ 193
شعبہٴ دینیات 97
جاری کردہ: دفتر اہتمام دارالعلوم دیوبند
(مولانا) عبدالخالق مدراسی
نائب مہتمم دارالعلوم دیوبند
w