۳. ٹخنوں کا دھونا۔
۴. چوتھائی سر کا مسح کرنا لیکن دراصل وہ فرض ہی میں شامل ہیں جیسا کہ اوپر فرائضِ وضو کی تفصیل میں ان کا بیان ہو چکا ہے اس لئے کہ عملاً وہ فرض ہی ہیں اور ان کر ترک سے وضو غسل اور تیمم نہیں ہوتا
وضو کی سنّتیں
وضو میں تیرہ سنًتیں ہیں
۱. وضو کی نیت کرنا۔نیت دل کے ساتھ ہو۔زبان سے بھی کہہ لینا مستحب ہے اس کا وقت منہ دھونے کے وقت یا اس سے پہلے ہے۔ نیت نماز کی ہو یا ایسی عبادت کی ہو جو بغیر وضو جائز نہیں ہو، یا طہارت حاصل کرنے یا اللّٰہ تعالیٰ کی رضا اور ثواب کی نیت ہو
۲. بِسمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیمَ پڑھنا۔کوئی ذکر الہی مثلاً لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہَ یا اَلحَمدُ لِلّٰہِ وغیرہ پڑھ لے تو سنت ادا ہو جائے گی، اگر شروع میں پڑھنا بھول گیا تو جہاں یاد آئے پڑھ لینا افضل ہے ، لیکن سنت ادا نہ ہو گی۔
۳. وضو شروع کرتے وقت پہلے دونوں ہاتھوں کو کلائیوں تک تین بار دھونا جبکہ پاک ہوں اور اگر ناپاک ہوں تو دھونا فرض ہے۔
۴. مسواک کرنا