قادیانی شبہات جلددوم…حیات عیسیٰ علیہ السلام کے مباحث پر مشتمل ہے
جلد اول ۱۴۲۰ھ جبکہ جلد دوم ۱۴۲۵ھ میں مرتب ہوئیں۔
اب ۱۴۳۲ھ میں اﷲ رب العزت نے اس سلسلہ کو پایۂ تکمیل تک پہچانے کی توفیق بخشی کہ ’’قادیانی شبہات جلد سوم‘‘ جو ’’کذب مرزا‘‘ کے مباحث پر مشتمل ہے۔ پیش خدمت ہے۔
جلد اوّل اور جلد دوم ہر سال ردقادیانیت کورس چناب نگر وملتان میں پڑھائی جاتی ہیں۔ یہ دونوں جلدیں ہندوستان میں بھی شائع ہوئیں۔ دیوبند میں اس سلسلہ میں جو کورسسز رکھے گئے ان میں بھی ان کتابوں کو شامل رکھا گیا۔ عرصہ سے رفقاء کی خواہش تھی کہ اس کا تیسرا حصہ مرتب ہوجائے۔ تاکہ تمام مباحث پر مشتمل مواد کورسسز کے شرکاء کو شائع شدہ نصاب کی طرح پڑھادیا جائے۔
اﷲ تعالیٰ کے ہاں ہر کام کے لئے وقت مقرر ہے۔ شدید خواہش وتقاضہ کے باوجود اتنا عرصہ تک یہ کام رکا رہا۔ برادرعزیز مولانا قاضی احسان احمدصاحب نے اصرار کیا اور وقت مقرر کیا کہ دس پندرہ دن لگاکر اس کو مکمل کرنا ہے۔ جو دن انہوں نے مقرر فرمائے ان دنوں ’’تحریک ناموس رسالت‘‘ کی مصروفیات آڑے آئیں۔ تحریک سے فارغ ہوتے ہی پندرہ دن انہوں نے عنایت کئے۔ ان دنوں ’’احتساب قادیانیت‘‘ کے مزید رسائل پر تخریج کے کام کے لئے حضرت مولانا محمدقاسم رحمانی دفترمرکزیہ میں قیام فرماتھے۔ ان ہر دو حضرات نے دن رات ایک کرکے اس کام کو مکمل کیا۔ فقیر ان کے شانہ بشانہ رہا۔ ورنہ تمام تر کام ان حضرات کی محنت کا مرہون منت ہے۔ فقیر نے مختلف لفافوں میں جو منتشر مواد رکھا تھا اسے ان حضرات نے مرتب کرکے قابل مراجعت بنادیا۔ فقیر نے سرسری دیکھا اور کمپوزنگ کے لئے دے دیا۔ البتہ ’’قادیانیوں سے سوالات‘‘ اور ’’قادیانی سوالات کے جوابات‘‘ کا حصہ فقیر نے حضرت مولانا غلام رسول دین پوری صدر مدرس مدرسہ عربیہ ختم نبوت مسلم کالونی چناب نگر کے سپرد کیا۔ انہوں نے فقیر کی گزارشات کے مطابق اس پر سر توڑ محنت کی۔ یوں یہ کتاب مرتب ہوگئی۔
پروف پڑھنے میں بھی حضرت مولانا غلام رسول دین پوری نے بھرپور محنت ومعاونت فرمائی۔ ان تمام حضرات کا بہت بہت شکریہ۔ لیجئے! اس کام سے فارغ ہوئے۔ اب ایک کام جو عرصہ سے رکا ہوا ہے ۔ تحریک ختم نبوت ۱۹۸۴ء کے لئے جو میٹر جمع کرکے ترتیب دینا شروع کیا تھا وہ اس سرے سے مل نہیں رہا۔ کبھی کبھی طبیعت میں ابال آتا ہے۔ لیکن مسودہ کی کم شدگی طبیعت کو سرد کردیتی ہے۔
قارئین دعا فرمائیں کہ یہ کام بھی ہوجائے تو اﷲ تعالیٰ کا احسان ہوگا۔ ۱۹۳۴ء سے ۱۹۸۴ء تک کی تاریخ کے قلمبند کرنے کا جو کام شروع کیا تھا جو ۱۹۷۴ء پر آکر رکا ہوا ہے۔ وہ پایۂ تکمیل کو پہنچ جائے تو بہت ہی سعادت کی بات ہوگی۔
اﷲ تعالیٰ توفیق عنایت فرمائیں۔ آمین ثم آمین!
محتاج دعا
فقیر:اﷲوسایا
۱۴؍جمادی الثانی ۱۴۳۲ھ