Deobandi Books

ماہنامہ البینات کراچی محرم الحرام ۱۴۳۱ھ - جنوری ۲۰۱۰ء

ہ رسالہ

6 - 13
چند قیمتی نصائح !
چند قیمتی نصائح

افادات: حضرت مولانا محمد طلحہ کاندھلوی دام مجدہم
خلف الرشید:حضرت شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا کاندھلوی رحمة اللہ علیہ

بسم اللّٰہ الرحمن الرحیم
الحمد للہ! میدان عرفات میں حضرت مولانا محمد طلحہ کاندھلوی صاحب دام مجدہم نے حاضرین کو چند قیمتی نصیحتیں فرمائیں، جن کا خلاصہ افادہٴ عامہ کی خاطر اس مضمون میں پیش کیا جارہا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اخلاص کے ساتھ عمل کی توفیق دے، آمین۔
۱…ارشاد فرمایا: اولاد کو دیندار بنانے کی فکر بہت ضروری ہے اور یہ سب مسلمانوں پر فرض ہے، آج ہمیں یہ فکر تو بہت ستاتی ہے کہ ہمارے مرنے کے بعد اولاد کا کیا ہوگا؟ لیکن یہ فکر بہت ہی کم لوگوں کو ہے کہ خود اولاد کے مرنے کے بعد ان کا کیا ہوگا؟ اگر وہ اللہ کے نافرمان بن کر مرے تو کیا حشر ہوگا؟
۲…ارشاد فرمایا: غیروں کی نقالی بہت معیوب چیز ہے، بچپن سے ہی اولاد کو صالحین کی وضع قطع اختیار کرنے کا عادی بنانا چاہئے، اور بتانا چاہئے کہ انگریزی بال رکھنا گناہ ہے اور داڑھی منڈانا بھی گناہ ہے، تاکہ بچپن سے ہی اولاد کو یہود ونصاریٰ کے طریقے سے نفرت ہوجائے اور زندگی گزارنے کا نبوی طریقہ سیکھ لیں۔
۳…ارشاد فرمایا: ہر ہر بستی میں دینی تعلیم کے چھوٹے چھوٹے مکاتب قائم کرنا بہت ہی ضروری ہے، ان مکاتب میں تعلیم قرآن باتجوید کے ساتھ بنیادی اسلامی عقائد مثلاً :عقیدہٴ توحید، عقیدہٴ ختم نبوت اور محبت صحابہ  سکھائی جائے، تاکہ مسلمانوں کے بچوں کا ایمان فتنوں سے محفوظ رہے، اس مقصد کے لئے کسی تعمیر کی بھی حاجت نہیں، چھپر ڈال کر تعلیم شروع کردیں اور بستی والوں کو اس کی اہمیت بتادیں کہ کوئی صالح استاذ مقرر کردیں۔ ایک استاذ کے بقدر کفایت وظیفہ کا انتظام کرنا کیا مشکل ہے؟ البتہ نگرانی ضروری ہے۔
۴…ارشاد فرمایا: کہ ہمیں یہ تجربہ ہوا کہ جب نگران سر پر ہو تو مزدور ٹھیک کام کرتے ہیں، ہمارے ہاں ایک عمارت بن رہی تھی جب نگران موجود ہوتا تو مزدور خوب محنت سے کام کرتے اور جب نگران نہ ہوتا تو بیٹھ کر چائے نوش کرتے اور گپ شپ کرتے تو میرے دوستو! سوچنا یہ ہے کہ ہمارا نگران تو ہمیں ہر وقت دیکھ رہا ہے تو ہمیں گناہوں کی جرأت کیسے ہوتی ہے؟
۵…ارشاد فرمایا: حرمین شریفین میں آکر بازاروں میں وقت برباد کرنا بڑی حماقت ہے، خریداری کے لئے پوری دنیا موجود ہے، یہاں تو اپنے وقت کو قیمتی بنانے کی فکر ہونی چاہئے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اخلاص کے ساتھ عمل کی توفیق دے، آمین۔

وصلی الله تعالی علی سیدنا ونبینا وحبیبنا محمد وعلی آلہ واصحابہ اجمعین۔
اشاعت ۲۰۱۰ ماہنامہ بینات , محرم الحرام:۱۴۳۱ھ - جنوری: ۲۰۱۰ء, جلد 73, شمارہ 1

    پچھلا مضمون: حج کے بعد زندگی کیسے گزاریں؟
Flag Counter